فلسطینی،کشمیریوں پر مظالم کیخلاف عملی اقدامات اٹھانا ہونگے:طاہراشرفی

لاہور: چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف امت مسلمہ کو اب عملی اقدام اٹھانے ہوں گے۔

فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر اسلامی تعاون تنظیم کا موقف واضح ہے۔رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی فلسطین اور کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بڑھ جاتا ہے۔ ایران ، سعودی عرب تعلقات کی بحالی امت مسلمہ کیلئے خیر کی خبر ہے۔

اسلامی ممالک کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ فرقہ وارانہ اور بیرونی مداخلتیں بند ہوں۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اب فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر عملی طور پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

اسرائیلی مظالم کا سلسلہ بڑھ رہا ہے اور اسرائیل عالمی قوانین اور قرارداد کو تسلیم نہیں کر رہا ہے اور یہی صورتحال مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا موقف واضح ہے۔