فوج مارشل لا پر غور نہیں کر رہی: شاہد خاقان

اسلام آباد :سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے خبردار کیا ہے کہ سیاسی بحران آمریت کو راغب کرنے کیلئے کافی ہے تاہم فوج مارشل لا نافذ کرنے پر غور نہیں کر رہی ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام سٹیک ہولڈرز پر مذاکرات کا آغاز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں فوج نے بہت کم سنگین حالات میں مداخلت کی ۔

انہوں نے کہاکہ فوج مارشل لا نافذ کرنے پر غور نہیں کر رہی تاہم جب کوئی راستہ نہیں رہتا تو پھر پرانا جملہ میرے عزیز ہم وطنو سنا جاتا ہے۔انہوں نے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ اکثر جمہوریتوں بشمول پاکستان میں بھی انتخابات نے حل فراہم کیے لیکن بدقسمتی سے اس بار وہ بھی حل فراہم نہیں کر سکے۔

انہوں نے دوست ممالک جیسا کہ امریکا اور برطانیہ کی طرف سے ثالثی کردار ادا کرنے کی تجاویز کو مسترد کردیا۔سابق وزیر اعظم نے معیشت کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک صرف ایٹمی طاقت کی بنیاد پر دنیا کے ساتھ بات چیت نہیں کر سکتا۔