فورسزکے جوان ہمارا مان،ملک جلد دہشت گردوں سے پاک ہوگا، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ:سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان ہمارا مان ہیں ، وطن کے لئے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بہت جلد ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا جائے گا.

بولان کے علاقے کچھی میں لیویز چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں لیویز اہلکار خالد احمد کی شہادت پر ان کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں سے وطن میں قائم امن دشمن عناصر کو کھٹک رہا ہے، ملک بھر میں بزدل دشمن نہتے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں۔

بلوچستان اور کے پی خاص طور پردہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، دشمن کو باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پرعزم قوم اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، جلد یہ تمام دشمن عناصر انجام کو پہنچیں گے، دہشت گردوں کے بزدلانہ عمل سے پاک فوج سمیت دیگر سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔

 انہوں نے واقعے میں لیویز اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردوں کی جانب سے اہلکاروں پر حملوں کا مقصد بلوچستان کے امن اور ترقی کو روکنا ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وطن کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔