قائداعظم یونیورسٹی کے مسائل فوری حل کئے جائیں:راناتنویر

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر سے وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے ملاقات کی،اس موقع پر سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل چودھری بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیرتعلیم رانا تنویر نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی کو درپیش چیلنجز پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کے معاملات حساس ہیں اور انہیں نازک طریقے سے نمٹانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایک باوقار یونیورسٹی ہے اور طلبا کا مستقبل اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہر فرد اپنی طاقت اور اختیار کا اسی طرح جوابدہ ہے جس طرح وہ پاکستانی عوام کو جوابدہ ہے۔انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے تمام موجودہ مسائل کو جنگی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انہوں نے ڈاکٹر نیاز کو ان کی بڑی توقعات کو اجاگر کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے وزیر تعلیم کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی کو درپیش تمام چیلنجز کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پوری لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔