قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری آگے آئے: وزیراعظم

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کی دورہ ترکیہ کے دوران صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔

ترک صدارتی محل میں ملاقات میں شہباز شریف نے قیامت خیز زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر صدر اردوان سے اظہار افسوس کیا۔

وزیر اعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ زلزلے سے ہزاروں افراد کی اموات اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان پر گہرا دکھ اور افسوس ہے۔

پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، قدرتی آفا ت سے ایک قوم نہیں نمٹ سکتی۔

اس لئے عالمی برادری کو آگے آناچاہئے۔قبل ازیں وزیراعظم ترکیہ کے 2 روزہ دورے پر انقرہ پہنچے۔
ہوائی اڈے پر اعلیٰ ترک حکام اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا.

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
روانگی سے قبل وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اورعوام کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اوربہنوں کویکجہتی اور اخوت کا پیغام دینے کے لئے ترکیہ جا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا پاکستان اور ترکیہ کے عوام اگرچہ دو الگ ریاستوں کے شہری لیکن ایک قوم کی طرح یکجان و یک قالب ہیں اور ہم ان کے نقصان کو اپنانقصان سمجھتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی سے کوئی حکومت تنہا نہیں نمٹ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا انسانیت کی مشکلات اور تکالیف کے حل کے لئے تعاون بڑھائے۔