اسلام آباد،لاہور : وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لاہور سمیت ملک کے 39 اضلاع میں5 سال سے کم عمر کے 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
و الدین پنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے ہرانسداد پولیو مہم میں ویکسین ضرور پلائیں۔ گزشتہ روزوزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ خصوصی انسداد پولیو مہم 13 سے 17 فروری تک 9 اضلاع میں مکمل طور پر چلائی جائیگی جن میں جنوبی خیبرپختونخوا کے7 اضلاع، بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی جنوبی وزیرستان اور زیریں جنوبی وزیرستان، اور پنجاب کے2 اضلاع لاہور اور فیصل آباد شامل ہیں۔
ملک کے30 اضلاع میں جزوی مہم چلائی جائیگی جن میں شیخوپورہ کی منتخب یونین کونسلز، افغانستان کی سرحد سے ملحقہ 57 یونین کونسلز، افغان مہاجرین کے کیمپوں والی 58 یونین کونسلز اور ملتان کی 107 یونین کونسلز شامل ہیں جہاں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر انسداد پولیو مہم کے پہلے روز ضلعی انتظامیہ کے افسر فیلڈ میں متحرک رہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون صاحبزادہ محمد یوسف نے یو سی 127 میں انسداد پولیو ورکرز کی مانیٹرنگ کی۔
اسسٹنٹ کمشنر کینٹ محمد مرتضیٰ نے والٹن کینٹ ، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار شیرینا جونیجو نےیو سی نمبر 52 اور یو سی 39 جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ خرم حمیدنے یو سی 149 میں مانیٹرنگ کی۔ افسروں نے بچوں کو قطرے پلائے اور فنگر مارکنگ بھی کی ۔