محکمہ جنگلات نے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

ملتان: محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ اس مہم میں83 لاکھ30 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے مظفر گڑھ کے علاقے کوٹلہ سادات میں آم کا پودا لگا کر محکمہ جگلات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا ہے۔

سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری سرفرازخان مگسی اور ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ ظہیر عباس شیرازی،چیف کنزرویٹر فاریسٹ ساوتھ پنجاب جاوید گل اور محکمہ جنگلات کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کی کمی سے پیدا ہونیوالی گلوبل وارمنگ سے پوری نوع انسانی شدید خطرات سے دوچار ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کی زد میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلوبل اسٹینڈرڈ کے مطابق کسی بھی ملک کے 25 فیصد ایریا پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن پاکستان کے صرف پانچ فیصد رقبے پر جنگلات موجود ہیں جبکہ ہمارے پڑوس میں بھوٹان میں 60 فیصد اور انڈیا میں 33 فیصد رقبہ پر جنگلات ہیں۔