کوئٹہ: گورنربلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ معاشرے کے محروم، محکوم اور معذور افراد کی معاونت سے جو ذہنی سکون و اطمینان ملتا ہے وہ محسوس تو کیا جاسکتا ہے مگر الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
دعا ہے کہ میں بے سہارا لوگوں کیلئے سہارا اور ناامید لوگوں کیلئے کرن بن جائوں،دکھی لوگوں کی خدمت انسانیت کیلئے باعث افتخار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں جمعرات کو ضیا خان کی قیادت میں کوئٹہ آن لائن رضاکاران پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد نے گورنر بلوچستان کو بلوچستان کے ہزاروں معذور افراد کو درپیش مشکلات، ملازمتوں کیلئے مختص کوٹے پر عملدرآمد اور معاشی ناآسودگی سے آگاہ کیا۔
گورنر بلوچستان نے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا، حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔