مستحکم پاکستان ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہئے:گورنر پنجاب
Share
لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے ن لیگ کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مضبوط ، خوشحال اور مستحکم پاکستان ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت سمیت دیگر مسائل کو حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ان تھک کوششوں سے بین الاقوامی سطح پر علاقائی ممالک سے تعلقات میں بہتری اور تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک کی معیشت میں استحکام آ رہا ہے ۔
جو ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی بطور پٹرولیم منسٹر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سابق ادوار میں بطور وفاقی وزیر پٹرولیم ایل این جی کی سستے داموں درآمد کی تھی جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئی تھی اور انرجی بحران کو حل کرنے میں مدد ملی۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں حکومت کو یکسوئی سے کام کرنے کا موقع ملنا چاہئے تاکہ حکومت ملک و قوم کی بہتری کے لیے اہم اور بروقت فیصلے کر سکے۔
دریں اثنا، گورنر نے یومِ مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محنت کش طبقے کو حقوق دیے بغیر پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ہمارا مذہب دین اسلام ہمیں محنت کی عظمت کا درس دیتا ہے۔