معروف شاعر، ڈرامہ نگار ، کالم نویس امجد اسلام امجد کا انتقال کرگئے،صدر،وزیراعظم،عمران اوردیگرکااظہارتعزیت

لاہور ،اسلام آباد،کراچی،مظفرآباد: پاکستان کے معروف شاعر، ڈرامہ نگار اور کالم نویس امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے جس سے اردو ادب کا ایک حسین باب بند ہوگیا۔ انہیں رات گئے ڈیفنس میں نماز جنازہ کے بعد میانی صاحب قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ امجد اسلام امجد کا انتقال رات سوتے ہوئے ہوا، صبح جب انہیں جگانے کی کوشش کی گئی تو پتہ چلا کہ ان کا انتقال ہو چکا تھا، ان کی عمر78 برس تھی۔امجد اسلام امجد 4 اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے،لاہور میں ہی پلے بڑھے اور 1967 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اردو کیا اور اسکے بعد شعبہ تدریس سے وابستہ ہو گئے۔

وہ 1968 سے 1975 تک ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اردو سے بطور مدرس منسلک رہے۔اگست 1975 میں پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر مقرر کئے گئے۔90 کی دہائی میں دوبارہ شعبہ درس و تدریس سے منسلک ہوئے اور ایم اے او کالج میں پڑھانا شروع کیا۔ اسکے بعد وہ چلڈرن کمپلیکس کے ڈائریکٹر بھی بنے اور وہیں سے ریٹائرڈ ہوئے۔1975 میں ان کو ٹی وی ڈرامے ’خواب جاگتے ہیں‘ پر گریجوایٹ ایوارڈ دیا گیا۔

انکے مشہور ڈراموں میں وارث، دن، فشار، انکار اور دیگر شامل ہیں، انہوں نے 50 سالہ کیریئر میں 40 سے زائد کتابیں لکھیں جبکہ اشعار کی متعدد کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ شاعری اور ڈرامہ نگاری میں منفرد پہچان رکھنے والے امجد اسلام امجد مختلف اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے۔ادبی و علمی خدمات پر ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی سمیت کئی دیگر اہم اعزازات سے نوازا گیا۔

مرحوم کی نماز جنازہ نڈیفنس کے این بلاک کی مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں انور مقصود، انور مسعود، مستنصر حسین تارڑ، وصی شاہ ، عزیز و اقارب اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ، انہیں لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے امجد اسلام امجد کے انتقال کو بڑا ادبی نقصان قرار دیا اورانکی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تعزیتی بیان صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک بلند پایہ شاعر اور ادیب سے محروم ہوگیا۔ دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں مرحوم کے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معروف شاعر اور دانشور امجد اسلام امجد کے انتقال سے اردو ادب کا ایک عظیم دور ختم ہوگیا ،انہوں نے اپنے ڈراموں اور تصانیف کے ذریعے ایک نسل کی فکری آبیاری کی، انکی شاعری کا ترنم ایک لمبے عرصے تک ہمارے کانوں میں رس گھولتا رہیگا، اللہ تعالیٰ ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔علاوہ ازیں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی،ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سیکرٹری جنرل اسد عمر، مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، سینٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، جنرل سیکرٹری حماد اظہر اور سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس ،وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان،گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، مسلم لیگ ن کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،کمشنر لاہور چودھری محمد علی رندھاوااوردیگر نے تعزیتی پیغامات و بیانات میں مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔