ملکی سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدم کچھ نہیں: آرمی چیف

اسلام آباد، راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدم کچھ نہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک افغان سرحد کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی جوانوں کیساتھ عیدالفطر منائی، نماز عید ادا کی اورعید کا پہلا دن باجوڑ خیبر پختونخوا میں سرحد پر گزارا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے مزیدکہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔ا فواج پاکستان ملکی سالمیت کو یقینی بنانے اور خطرات کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وطن کے محافظ دشوار راستوں ، سخت موسمی حالات اور اپنے پیاروں سے دور ہونے کے باوجود اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں۔ عید پر وطن کے دفاع اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔

آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں کی آپریشنل تیاریوں اور مستعدی کو سراہا جبکہ شہدا کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور شہدا کے اہلخانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔