ملک بھر کے تعلیمی اداروں کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد: ملک بھر کے تعلیمی اداروں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر کاز کیلئے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مصیبت اورمشکل کی اس گھڑی میں غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اساتذہ، طلبا اور وائس چانسلرز کی ایک بڑی تعداد نے’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے سلسلے میں فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی وزارت اور اس سے منسلک محکموں کے زیر اہتمام متعدد تقریبات، سیمینارز اور واکس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

جن اداروں نے تقریبات کا اہتمام کیا ان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈ آف کمیٹی کے چیئرمین ، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف مذہبی تعلیم، نیشنل کمیشن برائے انسانی ترقی، نیشنل کالج آف آرٹس، نیشنل بک فانڈیشن، قائداعظم یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، نیشنل سکلز یونیورسٹی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن، فیڈرل کالج آف ایجوکیشن، اور بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز شامل ہیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے واک اور سیمینار کا اہتمام کرکے یوم یکجہتی کشمیر منایا۔کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے دن بھر ریڈیو سے مختلف پروگرامز نشر کیے گئے جبکہ اس مقصد کیلئے مظفرآباد، راولاکوٹ اور میرپور سمیت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے دیگر علاقائی دفاتر میں بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

نیوٹیک نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا جو پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن سے شروع ہو کر ڈی چوک اسلام آباد پر اختتام پذیر ہوئی۔

اسی طرح ایف بی آئی ایس ای نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے واک اور کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا جس میں سکول اور کالج کی سطح پر تمام ڈائریکٹوریٹ کے طلبا نے حصہ لیا۔

بی ای سی ایس نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر، ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا۔ این بی ایف، این ایس یو، اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) نے مشترکہ طور پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ”یوم یکجہتی کشمیر” کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔

اسلام آباد ماڈل کالج F/7-2 میں منعقدہ طالبات کے 14کالجوں کی اجتماعی تقریب میں، بہت سی طالبات نے ٹیبلوز میں حصہ لیا جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں بھارتی افواج کے مظالم کو اجاگر کرنا تھا۔ یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر نے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا۔