ملک کیلئے جانیں قربان کر نیوالے شہدا ہمارا فخر ہیں:گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں گنری سٹاف کورس آرٹیلری سکول نوشہرہ کے شرکا کے وفد نے میجر جنرل محمد عمر بشیر کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ قابلیت کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں آگے بڑھنے کے لیے نئے علوم، ٹیکنالوجی اور مہارتیں سیکھنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک مہذب نہیں ہو سکتا جب تک اس میں آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ مسائل کی نشاندہی کرنے کے ساتھ مثبت چیزوں کو بھی اجاگر کرے۔اُنہوں نے کہا کہ تصویر کے دونوں رخ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ 35 جامعات میں پرو وائس چانسلر لگائے گئے ہیں جس سے گورننس کے معاملات بہتر ہوں گے جبکہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی بہتری آئے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سسٹم پر اعتماد کرنے اور مثبت سوچ سے آگے بڑھنے سے ملک میں ترقی اور استحکام پیدا ہو گا۔