نوازشریف سعودی عرب سے واپس لندن پہنچ گئے

لاہور ،لندن: سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف عمرہ کی ادائیگی کے بعدسعودی عرب سے واپس لندن پہنچ گئے۔نوازشرف نے رمضان المبارک کاآخرہ عشرہ اورعیدالفطرسعودی عرب میں گزاری،نوازشریف کے استقبال کیلئے مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعدادجمع تھی۔

نواز شریف کی آمدپرلیگی کارکنوں نے نعرے بازی کی،نوازشریف کوعمرے کی ادائیگی پرمبارکباددی،نوازشریف نے ہاتھ ہلاکرخیرمقدم کیلئے آنیوالے افرادسے اظہارتشکرکیا۔اعلامیہ کے مطابق نوازشریف سعودی شاہی خاندان کی دعوت پرسعودی عرب گئے تھے،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگراعلی حکام نے نوازشریف سے ملاقاتیں کیں۔

قبل ازیں نواز شریف کی خصوصی دعوت پر انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ ورلڈ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے اپنے بیٹوں حمزہ سعید مکی اور حماد سعید مکی کے ساتھ ”شاہی قصر الضیافة “ مکہ مکرمہ میں نواز شریف سے ملاقات کی جس میں حسین نواز و دیگر نے بھی شرکت کی ۔

نواز شریف نےمولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ کی علمی و دینی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔نواز شریف نے کہا عشق رسولﷺ اور عقیدہ ختم نبوت کاتحفظ ہمارے ایمان کا حصہ اور متاع حیات ہے۔ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے نوازشریف کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ان شاءاللہ جلد وہ وقت آئے گا کہ جب اللہ رب العزت آپ کو دوبارہ ملک و قوم اور اسلام کی خدمت کی توفیق عطا فرمائیں گے۔

ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے خصوصی دعا کراتے ہوئے کہا اللہ رب العزت وطن عزیز پاکستان کو ہر قسم کے سیاسی و معاشی بحران اور فتنوں سے نجات دلا کر ایک دفعہ پھر مخلص قیادت کے ذریعہ ملک کو سالمیت ترقی و استحکام عطا فرمائے۔

دریں اثنا نواز شریف سے جدہ میں مسلم لیگ ن فیصل آباد ڈویژن کے نائب صدررانا منور نے ملاقات کی،اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن لیبر ونگ رانا خالد اور رانا شاہد بھی ساتھ تھے۔