’’نورجہاں‘‘ تاحال اپنے پیروں پرکھڑی نہیں ہوسکی

کراچی: کراچی چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نورجہاں کا علاج جاری ہے تاہم ہتھنی کی حالت بدستور تشویشناک ہے ،چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے تمام تر اقدامات کے باوجود ہتھنی نورجہاں کی حالت میں بہتری نہیں آ سکی ، چڑیا گھر انتظامیہ نے فورپازکی ٹیم کی ہدایت پر نان ٹیکنیکل سٹاف اور میڈیا کے زو داخلے پر پابندی عائد کردی جبکہ گزشتہ رات چڑیا گھر کے ڈاکٹروں نے کرین کی مدد سے نورجہاں کو بیس منٹ تک فزیو تھراپی کرائی جبکہ نورجہاں کو کروٹ بھی کرین کی مدد سے دی جارہی ہے۔

ڈاکٹرز کی جانب سے نورجہاں کی طاقت بحال کرنے کیلئے ڈرپ کے ذریعے ملٹی وٹامن کے انجکشن اور اینٹی بائیوٹک ادویات دی جارہی ہیں تاہم نورجہاں اپنے پیروں پر نہیں کھڑی ہوسکی، 7 روز سے مسلسل بیلٹ سے بندھے رہنے اور زبردستی ایکسرسائز کرانے کی وج سے ہتھنی زخمی بھی ہوگئی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے گزشتہ روز بھی بیمارہتھنی کا معائنہ کیا۔انہوں نے بتایا نورجہاں کے مزید بلڈ ٹیسٹ کرائے گئے جو لاہور کی لیب بھیجے جائیں گے۔ڈبلیو ڈبلیو ایف(پاکستان) نے نورجہاں کی حالت پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کراچی زو میں جانوروں کیلئے ناکافی سہولیات اور خوراک کے فقدان کی وجہ سے ہاتھیوں کے پے درپے اموات کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں۔

ادھر کراچی چڑیا گھر کی دوسری ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا اتوار کی صبح تک فورپاز کی ٹیم کراچی پہنچےگی جس کے بعد پیر یا منگل کے روز مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔