نیشنل ہائی وےکے ہالا سکرنڈ سیکشن پر جلد کام شروع ہوگا

کراچی:100ملین ڈالر کی چینی گرانٹ سے آئندہ چند ماہ نیشنل ہائی وے(این 5)کے ہالا سکرنڈ سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا۔

این ایچ اے کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ این ایچ اے نے سندھ میں این 5 کے 51 کلومیٹر ہالا سکرنڈ سیکشن کی بحالی کیلئے تین چینی سرکاری فرموں کی جانب سے پیش کردہ بولیوں کا جائزہ لیا ہے۔ چینی حکومت کی منظوری کے بعد تین سے چار ماہ میں منصوبہ شروع ہونے کی امید ہے۔

چینی حکومت نے ملک کی سب سے بڑی شمال جنوب ہائی وے کے حصے کیلئے 100 ملین ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔

منصوبے کیلئے چینی گرانٹ چینی حکومت کی طرف سے پاکستانی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔مزید بتایا گیا ہے چینی اور پاکستانی ماہرین جلد ہی بابوسر ٹنل اور بابوسر ناران سڑک کی فزیبلٹی سٹڈی شروع کریں گے۔

اس منصوبے کیلئے چین سے تکنیکی اور مالی مدد مانگی گئی ہے جس پر تقریباً 100 سے 125 ارب روپے لاگت آسکتی ہے، یہ منصوبہ بابوسر ٹاپ اور گلگت کے درمیان 90 کلومیٹر کا فاصلہ کم کر دےگا۔