وائلڈ لائف حکام نایاب گدھ کی موجودگی سے لاعلم نکلے
Share
ملتان: وائلڈ لائف حکام کی مبینہ غفلت اور فنڈز کی کمی کا رونا۔ برسوں سے نایاب گدھ کی انواع کی موجودگی سے لاعلمی کا انکشاف۔ نایاب پرندوں کے تحفظ کی کوششوں کے باوجود حال ہی میں جنگلی حیات کے دستاویزی فلم سازوں کے ایک گروپ نے صحرائی علاقے کی جنگلی حیات پر ایک دستاویزی فلم بناتے ہوئے ضلع بہاولپور کے صحرائی شہر یزمان میں نایاب مصری اور روسی گریفن گدھوں کی کالونی دیکھی۔
جن کے بارے میں پہلے خیال کیا جاتا تھا کہ وہ معدوم ہو چکے ہیں۔جنگلی حیات کے ماہرین کا ایک نجی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان نایاب گدھوں کی نسلوں کو درختوں پر بیٹھا دیکھ کر وہ بہت خوش ہوئے ۔
انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ ہمارے سرکاری ادارے ان معدوم ہوتے پرندوں کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے وسیع سروے نہیں کر سکے۔وائلڈ لائف سے منسلک رہنے والے ایک افسر نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمیں نہ تو جدید آلات فراہم کیے جاتے ہیں اور نہ ہی وہ غیر معمولی فنڈنگ جو اتنے بڑے پیمانے پر جنگلی حیات کی تحقیق کے لیے درکار ہے۔