وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کی

اسلام آباد۔:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ لالہ عبدالطیف آفریدی کےبیہمانہ قتل پر انتہائی دکھ ہے،انہوں نے تمام عمر آئین کی سربلندی، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کی

پیرکواپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دلائے۔وزیراعظم نے عبدالطیف آفریدی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اعلی قانون دان اور بہادر سیاسی رہنما تھے ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت پر انہیں یونیورسٹی سے نکال دیاگیا تھا،وہ حق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے اور نتائج کی پرواہ نہیں کرتے تھے ۔

وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہارکیا کہ آج آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی ایک توانا آواز خاموش ہوگئی ۔وزیراعظم نے کہا کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ۔ دریں اثنا وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں عبدالطیف آفریدی کے درجات کی بلندی اورلواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔\