وزیراعظم کی ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر مشاورت،اتحادیوں کا اہم اجلاس آج طلب

لاہور، اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کی لاہورمیں سیاسی رفقا و قانونی ماہرین سے مشاورت ہوئی جس میں موجودہ ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ایک ہی دن الیکشن کرانے کے کیس سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوئی ۔

وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ان کی اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹائون پر مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت اور قانونی ماہرین نے اہم ملاقاتیں کیں ۔جن میں وفاقی وزرا سعد رفیق ،ایاز صادق ،اعظم نذیر تارڑ شامل تھے ۔وزیراعظم کے معاونین خصوصی ملک احمد اور احد چیمہ بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی بھی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ۔وزیراعظم کا اپنے رفقا سےموجودہ ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کیس کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس آج ساڑھے 12 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی،ذرائع کے مطابق عمران خان کیساتھ مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں،اسکا فیصلہ بھی ہو گا۔