وزیراعلیٰ پنجاب کی رمضان میں سستے داموں اشیا فراہمی کیلئے جامع پلان بنانے کی ہدایت
Share
لاہور،ملتان: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رمضان المبارک میں صوبہ کے عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے جامع پلان طلب کرلیاہے۔گزشتہ روز اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ابھی سے بہترین حکمت عملی تیار کی جائے اور متعلقہ محکمے اشیائے ضروریہ کی طلب ورسد کیساتھ قیمتوں میں استحکام کیلئے ورکنگ پلان مرتب کریں۔
مرغی کے گوشت کی قیمت کم کرنے کیلئے پولٹری ایسوسی ایشن کیساتھ بات چیت کر کے قابل عمل تجویز پیش کی جائے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ کمی کاپلان بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول میکانزم مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول کے موثر نظام کے ذریعے غریب آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔
اجلاس میں سیکرٹری زراعت نے دالوں، سبزیوں اور پھلوں کی طلب و رسد او رقیمتوں پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیرصنعت ایس ایم تنویر، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری صنعت،سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لائیوسٹاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ رات نشتر ہسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا جبکہ ہسپتال انتظامیہ لاعلم رہی۔محسن نقوی نے ایمرجنسی، آئی سی یو، میڈیکل،سرجیکل اور دیگر وارڈز و شعبوں کا معائنہ کیا۔
مریضوں کیلئے دستیاب سہولتوں اورمشینری کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں علاج کی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔اچانک دورہ کرکے زمینی حقائق سے آگاہی ہوئی،کچھ معاملات بہتر ہیں اور کچھ میں بہتری کی گنجائش ہے۔ بلوچستان کے لوگ بھی علاج کیلئے یہاں آتے ہیں۔
نشتر ہسپتال کی ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں شجرکاری مہم زوروشور سے جاری ہے۔ ضلع قصور کے مختلف سکولز وکالجزکے10700طلبا و طالبات، اساتذہ نےچھانگا مانگا جنگل میں ایک منٹ میں ایک لاکھ پودے لگائے، شجرکاری کی اس مہم میں دیگر محکموں نے بھی حصہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایک منٹ میں ایک لاکھ پودے لگانے پر شجرکاری مہم میں حصہ لینے والوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ درخت ہمارے دوست ہیں۔
موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے درختوں سے محبت کریں اورانکی حفاظت کریں۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس میں جشن بہاراں کی جاری تقریبات کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا جبکہ شب برات کی مناسبت سے لاہور کے تین مقامات پر محافل سماع ونعت منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔نگران وزیراعلیٰ نے شب برات پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔