وزیرستان، سبی میں فورسز کی کارروائیاں، سپاہی شہید،1 دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد،راولپنڈی: وزیرستان فورسز کے کارروائی کے دوران سپاہی شہید جبکہ سبی میں ایک دہشتگرد ہلاک اور2 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابقشمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔دوبدو فائرنگ کے دوران سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی ارشاد اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہید سپاہی ارشاد اللہ کی نماز جنازہ کرک میں ادا کردی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں سینئر حاضر و ریٹائرڈ افسران ،اہل خانہ ، رشتہ داروں اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ادھرسبی کے علاقے نوشمان میں آپریشن کے دوران 1 دہشت گرد مارا گیا، 2 زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سبی کے جنوبی علاقے نوشمان میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، یہ دہشت گرد علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ کوئلہ کان کے مالکان کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔

مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ دو دنوں سے دہشت گردوں کے علاقے میں مختلف راستوں پر متعدد گھات لگا کر تین دہشت گردوں کی ٹولی کو روکا گیا، روکے جانے پر انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دو زخمی ہوئے، اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژکرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے ۔