ٹانک میں پولیس نے تھانے پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا
پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 15 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا
ٹانک: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے تھانہ گومل پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔
جنوبی وزیرستان سے ملحقہ ضلع ٹانک کے تھانہ گومل پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ، پولیس نے بروقت فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے حملہ پسپا کردیا۔
پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 15 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
حملے کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ دوسری جانب بنوں میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں تین دہشت گرد گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے ۔ ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے سیدگی میں اہلکار کے گھر پر فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔