ٹیکنالوجی میں پاک ترک اشتراک جاری رہے گا،قونصل جنرل

کراچی : پاکستان اور ترکیہ ایک دوسرے کا ساتھ دیتے آئے ہیں اوردونوں ملکوں کا ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی اشتراک جاری رہے گا، ان خیالات کا اظہارترک قونصل جنرل جمال سانگو نے این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹرونکس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ کے تحت دوسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ تحقیق کے تبادلے سے نئی راہیں کھلتی ہیں جو کہ تحقیق کار کو وسعت النظری بخشتی ہیں۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ چِپ کے ذریعے دنیا کا آپ کے انگوٹھوں تلے آجانا ناقابل یقین تھا لیکن آج یہ ممکن ہوچکا ہے،جدید دوراور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنا ناممکن کو ممکن کرتا ہے، یہ عالمی کانفرنس قابل داد ہے۔

جامعہ این ای ڈی کی ترجمان فروا حسن کے مطابق دو روزہ عالمی کانفرنس میں 9کی نوٹ اسپیکرز، 5بین الاقوامی اور4قومی ماہرین سمیت 11صنعتی ماہرین اور 26تحقیق کاروں نے مقالے پڑھے۔چیئرمین شعبہ الیکٹرونکس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ ڈاکٹر عمران اسلم اور ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی نے بتایا کہ اس کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجی کو موضوع بحث بنایا گیا۔

جس میں پودوں کی چِپ سے مانیٹرنگ، بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال سے سپلائی چین کی بہتری سمیت وائر لیس کمیونیکیشن کی 5Gاور 6Gمیں بہتری سے متعلق پیپرز پڑھے گئے۔ چیئرمین ڈاکٹر عمران اسلم کا کہنا تھا کہ این ای ڈی چِپ ڈیزائننگ کرچکی ہے۔