پاکستان، روس یوکرین مسئلے کا سفارتی حل چاہتا ہے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان امن کی حمایت کرتا ہے اور مسئلے کا سفارتی حل چاہتا ہے۔

وزیرخارجہ یوکرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر)نادر خان سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے نئی ذمہ داریوں پر میجر جنرل (ر) نادر خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے قازقستان کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر نعمان بشیر بھٹی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے نئی ذمہ داریوں پر نعمان بشیر بھٹی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر پاکستان اور قازقستان کے درمیان کثیرالجہتی تعاون میں مزید اضافے کیلئے کاوشیں کریں گے۔بعدا زاں وزیر خارجہ سے تاجکستان کیلئے پاکستان کے نامزد سفیرمحمد سعید سرور نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے نئی ذمہ داریوں پر سعید سرور کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے تاجکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تاجکستان کے ساتھ گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔