پاکستان اور ایران کے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہورہے ہیں،ایرانی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات مزید بہتر ہورہے ہیں اور خوش قسمتی سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو پاکستان کی ہر حکومت بڑی اہمیت دیتی رہی ہے”اِن خیالات کا اظہار پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ایران کی دانشگاہ آزاد اسلامی کے مابین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے حوالے سے گذشتہ روز مفاہمت کی یاداشت(MoU) پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایرانی سفیر نے مزید بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور دانشگاہ آزاد اسلامی دونوں جامعات کی صلاحیتیں اور انفراسٹرکچر بہت مضبوط ہیں جو باہمی تعاون کو احسن طریقے سے آگے بڑھا سکتے ہیں۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین مذہب، تہذیب اور ثقافت کے گہرے رشتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی تعلیم کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ دونوں ممالک کی بزرگ شخصیات نے ہماری سوچوں کو ایک ہی راستے پر متعین کیا ہے اور جغرافیائی لحاظ سے بھی ہم ثقافت، تہذیب و تمدن اور مذہب کے رشتوں میں اس قدر جڑے ہوئے ہیں کہ ہمیں کسی اور سہارے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ ایران کی دانشگاہ آزاد اسلامی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کے لئے لرننگ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جلال نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے مابین تعلقات پائے جاتے ہیں اوریہ تعلقات اب جامعات کے سطح پر بھی جاری رہیں گے۔قبل ازیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید نے ایرانی وفد کو یونیورسٹی کے نظام تعلیم اور ملک گیر تعلیمی خدمات پر تفصیلی بریننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جامعات کے ساتھ ہمارا رشتہ پاک۔ایران دوستی جتنا مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی پیام نور، یونیورسٹی آف تہران اوردانشگاہ ادیان و مذاہب کے ساتھ ہمارے معاہدے ہوچکے ہیں۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے فنون و تمدن اور زبان و ادب کو فروغ دیا جائے گا، مشترکہ سائنسی سیمنار اور کانفرنسوں کا انعقاد، مطبوعات اور تعلیمی متنوں کا تبادلہ، فیکلٹی ممبران، سکالرز اور طلبا کے تبادلے، مشترکہ کورسز پیش کرنا اور ورکشاپس کا انعقاد دونوں جامعات کے مابین خط ارادیت کا حصہ ہیں۔معاہدے پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس نے جبکہ جامعہ آزاد اسلامی کے وائس چانسلربرائے بین الاقوامی امور اور غیر ملکی طلبا، ڈاکٹر جلال دورخشاہ نے دستخط کئے۔