پاکستان ڈیفالٹ کیلئےنہیں بنا،آئی ایم ایف کےبغیر رہنا سیکھنا ہوگا:وزیرخزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےکہاہے کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پوری کرچکے ہیں، پاکستان نے ڈیفالٹ کیا اور نہ ہی کرے گا۔ گزشتہ روزیہاں اسلام آباد میں بزنس کمیونٹی کی تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے کیلئے نہیں بنا ہے۔

ہمیں آئی ایم ایف کے بغیر رہنا سیکھنا ہوگا۔ وزیر خزانہ نے تاجر برادری سے بجٹ تجاویز مانگتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے متعلق شکایات حل کی جائیں گی کیونکہ تاجر برادری اکانومی کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی بھی ہو تنہا کچھ بھی نہیں کرسکتی، اب تک جوکچھ بھی ہوا اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔

بہت جلد آئی ایم ایف پروگرام بھی سائن ہو جائے گا اور بورڈ میٹنگ بھی ہو جائے گی۔ دریں اثنا وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے گزشتہ روزیہاں اسلام آبادمیں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران حج پالیسی 2023 پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے اللہ کے مہمانوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔