پرنسس آف ہوپ کے قریب جانے پرپابندی عائد

گوادر: مکران کوسٹل ہائی وے کی مشہورمجسمہ” پرنسس آف ہوپ سیاحوں کی غفلت کی وجہ سے زوال کی طرف گامزن ہے،سیکڑوں کی تعداد میں ملک بھر سے آئے ہوئے سیاح مجسمے کی پہاڑی پر چڑھ جاتے ہیں جس سے مجسمے کی قدرتی شکل پر اثرات پڑ رہے ہیں،ڈپٹی کمشنرلسبیلہ نے سیاحوں کو پرنسس آف ہوپ کے قریب جانے سے منع کرنے کے لیئے سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیے۔

تفصیلات کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر موجود مشہور پہاڑی مجسمہ جسے پرنسس آف ہوپ کا نام دیا گیا ہے،وہاں جانے والے سیاحوں کے غفلت کے باعث روز بروز اپنی ہئیت اور شکل کھورہا ہے سیکڑوں کی تعداد میں سیاح مکران کوسٹل ہائی وے پر سفر کے لیے نکلتے ہیں اوروہاں پرنسس آف ہوپ کی پہاڑی پر بھی ضرورجاتے ہیں اور مجسمے کو ٹچ کرتے ہیں۔

جسکی وجہ سے بین الاقوامی طور پرشہرت رکھنے والا یہ مجسمہ روز بہ روز اپنی قدرتی شکل کھو رہا ہے کیونکہ پرنسس آف ہوپ کا مجسمہ سخت اور پتھریلی پہاڑی نہیں بلکہ ریت کے پہاڑ سے قدرتی طورپربنا ہوا ہے اورسیاح وہاں جاکر اس پر چڑھ جاتے ہیں جس سے یہ پہاڑ روز بہ روز زوال پزیرہورہا ہے۔

سوشل میڈیا پرخبریں چلنے کے بعد ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے پرنسس آف ہوپ کے نزدیک جانے پر پابندی عائد کرکے وہاں سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے۔ضلع انتظامیہ نے اس مقام پر پولیس تعینات کردی اور حکم جاری کردیا کہ سیاح مجسمے کا 100میٹر کے فاصلے سے نظارہ کرسکتے ہیں۔

تاہم مجسمے کے قریب جانے پر مکمل طور پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ضلع انتظامیہ کے مطابق مجسمے کا ڈھانچہ بہت نازک ہے اور یہ ہمارے ملک کے ورثے اور ساحلی پٹی کی خوبصورتی میں سے ایک ہے اور اس قومی ورثے کو بچانے کی اشد ضرورت ہے۔