پنجاب انتخابات کیلئے فنڈز دیئے گئے نہ سکیورٹی :الیکشن کمیشن کی رپورٹ سپریم کورٹ جمع

اسلام آباد: پنجاب انتخابات پرالیکشن کمیشن کی رپورٹ چیف جسٹس کوپیش کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق انتخابات کیلئے فنڈزدیئے گئےنہ ہی مطلوبہ سکیورٹی فورس دی گئی،الیکشن کمیشن کو21ارب روپے تاحال فراہم نہیں کئے گئے،نگران حکومت نے سکیورٹی کیلئے صرف 75ہزاراہلکار دینے پررضامندی ظاہرکی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں انتخابات کیلئے 3لاکھ سکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے حکام سپریم کورٹ پہنچے اور عدالت عظمیٰ کے حکم کی روشنی میں پنجاب کے عام انتخابات انعقاد کیلئے فنڈز کی فراہمی اور اداروں کے تعاون سے متعلق اپنی سربمہر رپورٹ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ میں جمع کروائی ۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن کے حکام نے رپورٹ کی تفصیلات کے بارے صحافیوں کے سوالات کے جواب نہیں دیئے۔ الیکشن کمیشن حکام رپورٹ جمع کروانے کے بعد سپریم کورٹ سے روانہ ہو گئے۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک انتخابات کیلئے 21 ارب روپے دینے کا حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے پنجاب میں 14مئی کوعام انتخابات کرانے کاحکم دے رکھاہے۔