پنجاب کلچرل ڈے 14 مارچ کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا

سرگودھا: ڈویژن کے چاروں اضلاع میں پنجاب کلچرل ڈے 14 مارچ کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ ضلع اور تحصیل کی سطح پر ثقافتی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ آتش بازی ، علاقائی میوزک ‘ مشاعرے کے علاوہ کبڈی، والی بال اور نیزہ بازی سمیت دیگر علاقائی کھیلوں کے مقابلے بھی کر ائے جائیں گے۔

یہ بات کمشنر محمد اجمل بھٹی کو پنجاب کلچرل ڈے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ پنجاب کلچر ڈے پر تمام افسران اور ملازمین پنجابی لباس زیب تن کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں بھی بھرپور ثقافی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔

اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنرز نے پنجاب کلچرل ڈے کے حوالے سے ترتیب دیے گئے پروگراموں کے بارے بریفنگ بھی دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں پنجاب کلچرل ڈے کے پروگرامز کا دو حصوں میں انعقاد کیا جائیگا۔ صبح کمشنر دفتر سے آرٹس کونسل کمپلیکس تک ثقافتی ریلی نکالی جائے گی جس میں ڈویژنل اور ضلعی افسران اور ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

آرٹس کونسل کمپلیکس میں طلباءو طالبات کے مابین پینٹنگز کے مقابلے بھی کر ائے جائیں گے۔ دوسرے سیشن میں پی ایچ اے کے دفتر میں شام کو آتش بازی کی جائے گی۔ جس کے بعد کلچرل پرفارمنس، علاقائی گانوں کے علاوہ علاقائی کھانوں اور اشیا کے سٹال لگائے جائیں گے اسی طرح مشاعرہ بھی منعقد ہوگا۔کمشنر محمد اجمل بھٹی نے کہا قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنی ثقافت اور زبان سے محبت کرتی ہیں۔