پی ڈی ایم الیکشن التوا کیلئے کچھ بھی کرسکتی : شیخ رشید

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ہر مشکل وقت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ساتھ نبھانے کا عہد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گرفتار کرنے والا بے وقوف ہوگا جو عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کرآئے تھےوہ عقل کو ہاتھ ڈالیں۔

پی ڈی ایم الیکشن التوا کے لیے کچھ بھی کرسکتی ہے۔ انہوں نے نوازشریف کو بھی وطن واپسی کا چیلنج دے دیا۔

لاہور میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سے آدھاگھنٹہ ملاقات رہی انہوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ ابھی واپس نہیں جانا۔

میں ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں اور مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھی ہوں،18کو میری پیشی ہے اور 19،20اور21 کو عمران خان نے لاہور کی میٹنگ میں بلالیا ہے۔

بدھ کو اس ٹرک پر ہوں گا جس پر عمران خان ہوگا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی بے وقوف ہی ہوگا جو عمران خان کو گرفتار کرے گا، عمران خان پر 74کیسز پہلے ہی ہیں پورے 100کیسز بنا دیں۔

ملک میں عام انتخابات سے متعلق انہوں نے اپنا تبصرہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پورے ملک میں قومی اور صوبائی انتخابات اکٹھے ہونے چاہئیں، موجودہ حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، شہبازشریف کو چاہیے کہ 72گھنٹے میں اسمبلی توڑکر اور صوبوں اور مرکز میں اکٹھے الیکشن کرائے۔

انہوں نے نواز شریف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا بھائی اس وقت وزیراعظم بھی ہے، نوازشریف اگر تم میں ہمت ہے تو وطن واپس آؤ۔