چار لوگوں نے توہین مذہب کے نام پر میرے قتل کی سازش کی ہے، عمران خان

میانوالی( بیورورپورٹ)سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ پہلے مجھ پر توہین مذہب کا الزام لگایا گیا، اس کے بعد چار لوگ بند کمروں میں بیٹھے جنہوں نے مجھے قتل کرنے کی سازش کی ہے، میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے، جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ آجائے گی اور ان چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے ، اپنے ملک کی آزادی کے لیے جان کی قربانی دوں گا،رانا ثنااللہ اور شہباز شریف سن لیں، تم جو بھی تیاری کر رہے ہو کپتان اس سے زیادہ تیاری کر رہا ہے، کپتان ایسی پلاننگ کر رہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی نے نہیں کی، جو بھی منصوبہ بندی کرنی ہے کرلیں اب کپتان کی پلاننگ کو تم نہیں روک سکتے اب الیکشن کروانے ہوں گے، مجھے انتظار ہے نوازشریف پاکستان آئے، ایسا استقبال ہوگا کہ وہ بھی یاد رکھے گا اور مسلم لیگ (ن بھی یاد رکھے گی، جس کو پاکستان کا وزیر اعظم بنایا گیا اس کی صرف ایک ہی خاصیت ہے کہ وہ جوتے اچھے پالش کرلیتا ہے ،مریم نواز نے بڑی دکھ بھری پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان نے مجھ پر ظلم کیا ہے تو مریم بی بی خدا کے واسطہ ہے سچ بولنا سیکھو، تمہارے اوپر کیس عمران خان نے نہیں بنائے تھے بلکہ بی بی پاناما پیپرز انکشاف میں آپ پکڑی گئی تھیں۔جمعہ کو میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کو صرف میانوالی ہی بھر دے گی کیونکہ ہمارا جہاد حقیقی آزادی کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی بھی نہ کوئی قوم نہ کوئی غلام بڑے کام کر سکتا ہے جب تک وہ آزاد نہیں ہوتا کیونکہ غلام صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں وہ امامت نہیں کر سکتے۔عمران خان نے کہا کہ زنجیریں گرتی نہیں توڑی جاتی ہیں اور آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے اور اس وقت ہمارے اوپر امریکی غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس کو پاکستان کا وزیر اعظم بنایا گیا اس کی صرف ایک ہی خاصیت ہے کہ وہ جوتے اچھے پالش کرلیتا ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب تو اور بھی اچھا ہوگیا کہ شہباز شریف کو سائفر یاد آگیا اور انکوائری کرنے کا کہا ہے مگر یہ تو میں 6 ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ انکوائری کی جائے اور ہم نے چیف جسٹس کو بھی اس لیے مراسلہ بھیجا کہ انکوائری کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی سازش اور اندرونی ہینڈلرز کے ساتھ مل کر وہ حکومت گرائی گئی جو 17 برس بعد معاشی ترقی کر رہی تھی جس کے لیے ورلڈ بینک نے کہا تھا کہ پورے برصغیر میں سب سے بہتر روزگار پاکستان میں مل رہا تھا، کسان خوش تھا اور چار فصلوں میں سب سے زیادہ پیداوار بھی ہمارے دور میں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت میں پیٹرول اور ڈیزل 150 روپے فی لیٹر تھا جبکہ بجلی 18 روپے فی یونٹ تھی، مگر آج ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت 250 روپے پر پہنچ گئی اور بجلی کا بل آتے ہی شہری اور کسان پوچھتے ہیں کہ ہم کھانے کی اشیا، پیٹرول، ڈیزل اور بچوں کی فیسوں پر پیسہ خرچ کریں یا بجلی کا بل ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت ہمارے دور میں 55 روپے فی کلو تھی جو آج 100 روپے تک جاپہنچا ہے، اسی طرح چار پانچ ماہ میں انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔عمران خان نے کہا کہ جب یہاں برطانیہ کی حکومت تھی تو لاکھوں لوگوں کو ان کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے بھیجا جاتا تھا اور ہم سے کسی نہ پوچھا کہ کیا ہم ان کی جنگ میں شریک ہونا چاہتے ہیں یا نہیں کیونکہ ہم غلام تھے، اسی طرح اب امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ہم سے کسی نے نہیں پوچھا کہ ہم اس جنگ میں شریک ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں 9/11 میں صرف 3 ہزار لوگ ہلاک ہوئے تھے جبکہ ان کی جنگ میں شامل ہونے کے بعد ہمارے 80 ہزار لوگ جاں بحق ہوئے کیونکہ ہم غلام تھے اور جن کی جنگ ہم لڑ رہے تو وہ یہاں ہی بمباری کر رہے تھے، اسی طرح 400 ڈرون حملے ہوئے جس کے بعد 35 لاکھ قبائلی لوگوں نے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کی وجہ سے آج بھی سرحدی علاقوں میں ہر روز ہمارے فوجی جوان شہید ہوتے ہیں مگر ہم سے کسی نہیں پوچھا کہ ہمیں اس جنگ میں شامل ہونا چاہیے یا نہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مریم نواز نے بڑی دکھ بھری پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان نے مجھ پر ظلم کیا ہے تو مریم بی بی خدا کے واسطہ ہے سچ بولنا سیکھو، تمہارے اوپر کیس عمران خان نے نہیں بنائے تھے بلکہ بی بی پاناما پیپرز انکشاف میں آپ پکڑی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ساری مسلم لیگ(ن)مجھے یہ بتائے کہ دو بار نواز شریف نے آصف زرداری کو جیل میں ڈالا تھا جس پر اربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، آپ بچ گئی ہیں تو این آر او اس (آصف زرداری) کو بھی مل گیا ہے وہ بھی بچ جائے گا تو میرا یہ سوال ہے کہ کیا وہ بے قصور ہے؟عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستان میں آپ طاقتور ہیں تو پاکستان کے قانون کا نظام آپ کو نہیں پکڑے گا بلکہ وہ صرف موٹر سائیکل اور بھینس چوری کرنے والے کو پکڑے گا، اربوں روپے چوری کرنے والوں کو نہیں اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے ملک کی آزادی کے لیے جان کی قربانی دوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈرایا جاتا ہے کہ جیلوں میں بند کردیں گے، ہمیں جیلوں سے مت ڈرا کیونکہ ابھی تو میں جس کا میں اعلان کرنے والا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ تمہارے پاس 70 ہزار لوگ بھی نہیں ہیں جیلوں میں ڈالنے کے لیے مگر یہاں لاکھوں لوگ جیلوں میں بند ہونے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر توہین مذہب کا الزام لگانے کے پیچھے مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف ہیں جنہوں نے ٹی وی پر پورا پروگرام کیا کہ میں نے توہینِ مذہب کی ہے، اس کے بعد چار لوگ بند کمروں میں بیٹھے جنہوں نے مجھے قتل کرنے کی سازش کی۔انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کسی نے قتل کردیا تو یہ لوگ کہیں گے کہ کسی مذہبی جنونی نے کیا ہے کیونکہ میں نے توہینِ مذہب کیا ہے، مگر میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے اور جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ آجائے گی اور ان چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں نے بند کمروں میں یہ فیصلہ کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ رانا ثنااللہ اور شہباز شریف سن لیں، تم جو بھی تیاری کر رہے ہو کپتان اس سے زیادہ تیاری کر رہا ہے اور میری پلاننگ بڑی سوچ سمجھ کر ہو رہی ہے اور اسلام آباد مارچ تو اس کا صرف ایک حصہ ہے باقی کپتان ایسی پلاننگ کر رہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی نے نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جو بھی منصوبہ بندی کرنی ہے کرلیں اب کپتان کی پلاننگ کو تم نہیں روک سکتے اب الیکشن کروانے ہوں گے۔نواز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے انتظار ہے کہ وہ پاکستان آئے، ایسا استقبال ہوگا کہ وہ بھی یاد رکھے گا اور مسلم لیگ (ن) بھی یاد رکھے گی۔بعد ازاں عمران خان نے جلسے میں موجود لوگوں، کارکنان اور حامیوں سے آزادی مارچ سے متعلق حلف بھی لیا۔