چترال کے علاقہ رمبو کالاش وادی میں مونال تیتر کو بچا لیا گیا
Share
پشاور: چترال کے علاقہ رمبو کالاش وادی میں گزشتہ شام کو ایک زخمی مونال تیترکو مقامی کالاش قبیلے کے افراد نے بچا کر محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا۔
جس کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کیلئے چترال گول نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈو یژن آفس لے جایا گیا ۔
ترجمان محکمہ موسمیاتی تبدیلی جنگلات ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوالطیف الرحمان کے مطابق زخمی مونال تیتر کو رمبور لائیو سٹاک ڈسپنسری میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد چترال گول نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈویڑن آفس لے جایا گیا۔ بعد ازاں ڈی ایف او سی جی این پی کی ہدایت پر چترال کے سینئر ویٹرنری ڈاکٹر کی طرف سے پرندے کا مناسب علاج کیا گیا۔
ویٹرنری ڈاکٹر کے مشورے پر پرندے کو مکمل صحت یابی کے بعد اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا جائے گا۔
محکمہ وائلڈ لائف لوئر چترال مقامی برادری کے قیمتی انواع کو بچانے کی کوششوں اور تعاون کا خیر مقدم کرتی ہے۔ اور محکمے کی طرف سے مقامی خاندان کو اس تعاون کی بنا پر تعریفی اسناد اور تحائف سے بھی نوازا جا ئے گا۔