چرچ:روحانی درجات کیلئے فاقہ کشی،47افراد کی لاشیں برآمد

نیروبی : کینیا میں روحانی درجات کے لیے مرتے دم تک فاقہ کشی پر عمل پیرا مزید 26 افراد کی لاشیں ملی ہیں جس کے بعد مرنےوالوں کی تعداد 47ہوگئی ۔ پولیس نے چرچ کے سربراہ کو گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کردیا تاہم اس کے 6 ساتھی اب بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی کینیا میں مالندی کے علاقے میں چند افراد کی مرتے دم فاقہ کشی کے باعث ہلاکت پر شروع ہونے والی تفتیش کے دوران اب تک 47 لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔ لاشوں کے پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افراد مرتے دم تک کئی دنوں سے مکمل فاقہ کشی پر تھے۔

تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس علاقے میں واقع ایک چرچ سے وابستہ فرقہ رہائشیوں کو تادم مرگ فاقہ کشی کی ترغیب دے رہا تھا۔ ان کی تبلیغ سے متاثر ہوکر تادم مرگ فاقہ کشی کرنے والوں کی لاشوں کو قریبی قبرستان میں دفن بھی کیا گیا تھا جس پر مزید قبروں کی کھدائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ایک قبر سے ایک ہی خاندان کے 5 افرادکی لاشیں بھی ملی ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹ کےمطابق پولیس نے چرچ کے سربراہ کو گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کردیا تاہم اس کے 6 ساتھی اب بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔