چین کی مشقیں جاری،59لڑاکا طیارے بھی شامل ،تائیوان ،امریکہ کا شدید ردعمل

بیجنگ: چینی فوج تائیوان کے ارد گرد فوجی مشقیں آج بھی جاری رکھے گی۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، چینی فوجی مشقوں میں لڑاکا طیارے اور جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ کی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔

امریکی بحریہ کا گائیڈڈ میزائل سے لیس جہاز جنوبی بحیرہ چین میں داخل ہوگیا ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق، جہاز فریڈم آف نیوی گیشن کےتحت متنازعہ اسپر یٹلی جزائر کے قریب سے گزر رہا ہے۔

یاد رہے کہ بین الاقوامی پانیوں پر مختلف ممالک کے دعوں کو چیلنج کرنے کے لیے امریکا اکثر ایسے مشن جاری رکھتا ہے۔ چین نے اس معاملے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جنگی جہاز نے بحیرہ جنوبی چین میں غیر قانونی طور پر دخل اندازی کی۔

چین کی جانب سے جنوبی بحیرہ چین میں امریکی جنگی جہاز کی نگرانی جاری ہے۔واضح رہے کہ تائیوان نے چین کی فوجی مشقوں کو علاقائی استحکام اور سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔