ڈالر اور سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے،سٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگزشتہ روز بھی مندی کا رجحان رہا،کے ایس ای100انڈیکس مزید 31پوائنٹس گر گیا،تاہم مندی کے باوجود مارکیٹ کے مجموعی سرمایہ میں68کروڑ روپے کا معمولی اضافہ ہوا جبکہ حصص کی کاروباری مالیت پیر کے مقابلہ میں46کروڑ روپے کم رہی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمنگل کے روز بھی مندی کا تسلسل رہا، کے ایس ای100انڈیکس 31پوائنٹس کمی سے 39804پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کے ایس ای30انڈیکس 26پوائنٹس کمی سے 14807 پوائنٹس پر بند ہوا ،تاہم کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس8 پوائنٹس اضافہ سے 26287پوائنٹس پر بند ہوا۔

مندی کے باوجودمارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 68کروڑ روپے اضافہ سے 60کھرب65ارب89کروڑ روپے کی سطح پر آگیا،گزشتہ روز 1ارب37کروڑ روپے مالیت کے حصص کا کاروبار ہوا جبکہ پیر کے روز 1ارب 83کروڑروپے مالیت کے حصص کا کاروبار ہوا تھا۔

گزشتہ روز مجموعی طور پر 288کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ،جس میں سے 108کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ،159کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور 21کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا۔دریں اثناء انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ جاری ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر288جبکہ اوپن مارکیٹ میں295روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر1.34روپے اضافہ سے 288.43روپے کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2 روپے بڑھ کر295روپے ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت1ڈالرکمی سے 2001ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میںکمی کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت600روپے اضافہ سے2لاکھ18ہزار300روپے اوردس گرام سونے کی قیمت514روپے اضافہ سے 1لاکھ87ہزار157 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔