کاروباری برادری ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں کردار اداکرے، گورنر سندھ

کراچی: گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ معیشت میں استحکام لانے پر مرکوز ہے، ملک کے موجودہ معاشی حالات ہم سب کی توجہ کے متقاضی ہیں۔

انہوں نے کاروباری برادری کے افراد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ یہ نام، شہرت، عزت و مرتبہ کی شکل میں ملک کی جانب سے دیئے گئے قرض کو لوٹانے کا وقت ہے، ہم سب کو اس جانب توجہ دینا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرمیثی کے اعزاز میں اعزازی قونصل جنرل موزمبیق خالد تواب کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کے موقع پر کیا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہورہے ہیں، جبکہ سرمایہ کاری کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہورہا ہے۔

بخیط عتیق الرمیثی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ، پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کی مدد کے لئے ہر وقت تیار ہے۔ درایں اثنا گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے حجاج کرام کے لئے انتظامات کرنے والے سعودی وفد نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی اقتصادی تعلقات، ان کے فروغ کے لئے اقدامات، پاکستانی حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودی عرب تعلقات عوام کی سطح پر قائم ہیں، مقامات مقدسہ کے باعث پاکستانی عوام سعودی عرب کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

ہر سال عمرہ زائرین کی بڑی تعداد کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے،کراچی پاکستان کا معاشی مرکزہونے کے باعث نمایاں اہمیت کا حامل ہے،وفد کا پاکستان حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا عزم لائق تحسین ہے،پاکستان کے ٹریول ایجنٹس کے ساتھ سعودی وفد کا قریبی رابطہ ضروری ہے۔

وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستانی حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ وفد میں اوسامہ عبدل الطیف ایم ابو لولا، اوسامہ عبداللہ اے دانش، فرقان عبدالقادر اور دیگر بھی شامل تھے۔