کراچی بندرگاہ سے دالوں کی کنسائمنٹس ریلیز ہونا شروع

کراچی: بندرگاہ سے دالوں کی کنسائمنٹس ریلیز ہونا شروع ہوگئی ہیں جس سے ماہ رمضان میں دالوں کا ممکنہ بحران کا خطرہ ٹل گیا تاہم دالوں کی بڑھی ہوئی قیمتیں کم نہ ہوسکیں۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ دالوں کے روکے گئے 7000کنٹینرز میں سے 2000 کنٹینرز ریلیز کر دیے گئے جبکہ 5000 کنٹینرز ابھی باقی ہیں، اسکے برعکس چند روز قبل بندرگاہ پر لنگر انداز تین بحری جہازوں کے ذریعے 50ہزار ٹن ’’بلک‘‘ کی صورت میں پہنچنے والی دالوں میں سے 20فیصد فوری ریلیز کر دیے گئے ہیں۔۔چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کنٹینرز میں رکے ہوئے دالوں کے کنسائمنٹس کو ریلیز کرنے میں تاخیر سے لاگت خطرناک حد تک بڑھ جائے گی اور دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافے سے نہ صرف عام صارفین متاثر ہوں گے بلکہ مہنگائی کی شرح بھی خطرناک حد تک بڑھ جائے گی۔