کراچی گیمز مستقبل میں سندھ گیمز بنیں گے، گورنر ٹیسوری

کراچی : گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی گیمز مستقبل میں سندھ گیمز بنیں گے اور پورے سندھ میں اسی طرح کھیلوں کی سرگرمیاں ہوں گی، 2008 کے بعد کراچی گیمز نہیں ہوئے تھے، کراچی میں پی ایس ایل کے موقع پر بزدلانہ کارروائی کی گئی اسی وقت طے کرلیا تھا کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے دن رات محنت کرکے پرامن ماحول میں کراچی گیمز منعقد کرائے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن، میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کوٹھاری پریڈ کلفٹن میں کراچی گیمز کے سلسلے میں ڈونکی ڈربی ریس کا افتتاح کیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ نے وننگ ٹرافی پہلے نمبر پر آنے والے ریسر طارق کو دی جبکہ دوسرے نمبر رنراپ ٹرافی عبدالخالق نے وصول کی۔
ریس میں تیسرے نمبر پر عمر اور چوتھے نمبر پر جاوید رہے، ڈونکی ڈربی ریس جیتنے والے ریسر طارق نے مقررہ 7 کلو میٹر کا فاصلہ 12 منٹ 3 سیکنڈ میں طے کیا، اس مقابلے میں 30 ریسرز نے حصہ لیا۔ ریس کے دوران حادثے کا شکار ریسر عارف قادری سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملاقات کی اور انہیں دوران علاج 20 ہزار روپے ماہانہ دینے اور ان کی گدھا گاڑی کی مرمت کرانے کا اعلان کیا۔