لاہور،راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سارے ملک میں الیکشن ایک ساتھ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے6 بندے جو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے آئے۔ ان کی شکلیں ہیں عمران خان کو گرفتار کرنے کی؟،ان کا باپ بھی عمران خان کو گرفتار نہیں کرسکتا۔ اگر نوٹس دینے آئے تھے تو نوٹس ویسے بھی دیا جاسکتا تھا۔ ان کا دماغ خراب ہے، ان کو سپریم کورٹ کا جھٹکا لگ گیا ہے۔ یہ آرٹیکل 6 کی زد میں آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہناتھا آج کے دور کا لیڈر عمران خان ہے۔ کل کا اﷲ کو پتہ ہے، رانا ثناء اللّٰہ الیکشن سے بھاگنے کے لیے کوئی نہ کوئی حادثہ یا جرم کرے گا۔ فضل الرحمٰن کا فرنٹ مین کہہ رہا ہے عدالتی حکم نامہ نہیں ملا۔ بلاول اور زرداری الیکشن کے لیے تیار ہیں،شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن انتخابات سے فراری ہیں۔ بلاول کی طرح یہ لوگ بھی بیرونِ ملک کے دورے کرنا شروع ہوگئے۔ ان کو سیاسی طورپر اتنی مار پڑے گی کہ منہ چھپانے کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔ حکومت ایمرجنسی لگانے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔
یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں۔ ان سے پوچھا جائے یہ چاہتے کیا ہیں؟، ان کی کوئی بات سنی نہیں جا رہی،عمران خان کو اڈیالہ جیل میں شاہد خاقان کے سیل میں رکھا جائیگا۔ 25 وزراء نے 66 کروڑ روپے بیرونِ ملک کے دورے پر خرچ کر دیئے۔ ن لیگ کے لوگ گھر سے کھانا بھی نہیں کھانا چاہتے، نواز شریف کو واپس بلا لیں،آپ کو لانے والے بھی پچھتائیں گے۔ آڈیو اور ویڈیو کو کوئی نہیں سن رہا، یہ چاہتے ہیں 1998ء والی صورتِحال دوبارہ ہو۔ جیل میرا سسرال ہے۔ سسرال کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔ میں خلع لینے والا ہوں۔ اگر یہ لڑائی نہ ہوتی تو میں سیاست کو خدا حافظ کہہ چکا ہوتا۔
پاکستان، مصر اور سری لنکا ایک لائن میں آگئے۔ہائیکورٹ سے مزید اہم فیصلے آئینگے۔ حکمران اقتدار کے میخانوں میں مدہوش ہے،100 جوتے بھی کھائیں گے 100 پیاز بھی اور الیکشن بھی کرائیں گے، یہ نہ ہو نظریہ ضرورت کاجن بوتل سے باہر آجائے اور سب ہاتھ ملتے رہ جائیں۔ مجھے پتہ ہے ان کے بیلٹ باکس سے کیا نکلنا ہے لیکن میں شیئر نہیں کرنا چاہتا۔ عمران خان نے کہا بیٹھو بات کرتے ہیں۔ یہ اس سے کیا چاہتے ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کا کیس شیڈول میں رکھا ہے نہ ہی کوئی پڑوسی ملک مدد دینے کو تیار ہے۔