کشمیری مودی کے مکروہ عزائم بے نقاب کریں :بیرسٹرسلطان

اسلام آباد: صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم اور نازک موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہذا بیرون ملک بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں اور بھارت کی ریشہ دوانیوں کا بھرپور جواب دیں۔

گزشتہ روزیہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈ لینڈ کے صدر چودھری خادم حسین سے گفتگو میں بیرسٹرسلطان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں لہذا ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مودی کے مکروہ عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں۔

چودھری خادم حسین نے صدر ریاست کو بتایا کہ برطانیہ میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کی تنظیم سازی کافی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے برطانیہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے متحرک ہو چکے ہیں۔انہوں نے صدرریاست کودوبارہ دورہ برطانیہ کی دعوت دی۔