کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف :عالمی ادارہ صحت
Share
اسلا م آباد ،لاہور،پشاور: کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مزید کوئی فردجاں بحق نہیں ہوااور اموات کی مجموعی تعداد30643ہی رہی جبکہ عالمی ادارہ صحت نے قراردیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ،وزارت قومی صحت اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں4480افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے۔ مثبت کیسز کی مجموعی شرح 0.51فیصد ہوگئی۔ کورونا کے23نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 7607ہوگئے،13مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
کورونا وائرس کےلاہور سے11اور اسلام آباد سے3نئے مریض سامنے آئے۔عالمی وبا سےدنیا بھرمیں ہلاکتیں67لاکھ98ہزار8سو سےزائد ہو گئیں۔
جاپان میں کورونا سے مزید52افراد چل بسےاور 5330نئے مریض سامنے آگئے،170مریضوں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔روس میں مزید30افرادہلاک ہوگئے اور 9580نئے مریض سامنے آگئے۔تائیوان میں مزید44اموات اور 7745نئے کیس رپورٹ ہوئے۔رومانیہ میں مزید29افراد چل بسے اور 5211نئے مریض سامنے آگئے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ کورونا کی وبا کی شدت میں محکمہ صحت نے غیر معمولی کام کیا، مجھے یقین ہے نگران مشیر صحت نظام صحت پر خصوصی توجہ دیں گے۔
محکمہ صحت کو بنیادی طبی آلات فراہم کئے ہیں، 36 ہیلتھ سیکٹرز کی تزین و آرائش اور ہیومن ریسورسز پر کام کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے سیلاب متاثرین کیساتھ بھی بھرپور تعاون کیا، ڈی آئی خان اوردیگر اضلاع میں ہسپتالوں کے تزین و آرائش پر کام کیا۔ خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت کیساتھ ملکر صحت کا نظام مزید مضبوط بنائیں گے۔