کورونا پھر رنگ دکھانے لگا،لاہور کے43سمیت129 نئے مریض،پرہجوم مقامات پرماسک پہننا لازم
Share
اسلا م آباد ،لاہور،کراچی ( خبر نگار خصوصی،92نیوزرپورٹ،نمائندہ 92 نیوز،نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز) کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مزید کوئی فردجاں بحق نہیں ہوااور اموات کی مجموعی تعداد30645ہی رہی۔
وزارت قومی صحت اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں4334افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے۔ کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 2.98فیصد ہوگئی۔
کورونا کے129نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 8580ہوگئے،14مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔کوروناکے لاہور سے43 ، اسلام آباد سے 14 ، راولپنڈی سے 3 نئے مریض سامنے آئے۔لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.22فیصد ریکارڈ کی گئی ۔
این سی اوسی نے دنیابھرمیں بڑھتے کوروناکیسز پرملک بھرمیں ماسک پہننے کی سفارش کردی۔30اپریل تک گنجان مقامات اورصحت کے مراکز پرماسک پہننالازمی قراردیدیا،این سی اوسی کے مطابق ماسک پہننے کی پابندی 30اپریل تک نافذالعمل ہوگی۔علاوہ ازیں سندھ میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہوگیا ۔محکمہ صحت سندھ کے اعداد شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 53 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ادھرکراچی کے آغا خان ہسپتال اور یونیورسٹی کے عملے سمیت طالبعلم بڑی تعداد میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
انتظامیہ نے ہسپتال اوریونیورسٹی میں تمام عملے اور طلبہ کوبذریعہ خط الرٹ جاری کردیا۔خط میں کہا گیا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے عملے، اساتذہ اور طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نوجوان اور مضبوط قوت مدافعت والوں کو زیادہ خطرہ نہیں، بزرگ افراد اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ علاوہ ازیں آغا خان ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دیدیا ہے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ہسپتال کے عملے، اساتذہ اور طالب علموں کے کورونا کے ٹیسٹ کئے جائیں، کورونا ویکسین لگے ہوئے اگر 6ماہ سے زائدکا عرصہ ہوگیا ہے تو بوسٹر ڈوز لگوانا ہوگی۔ عالمی وبا سےدنیا بھرمیں ہلاکتیں68لاکھ15ہزار6سو سےزائد ہو گئیں۔ جاپان میں مزید57،روس میں مزید38،تائیوان میں مزید37اورپولینڈمیں مزید29افرادچل بسے۔