لاہور: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی قائدین اپنی کاز کیلئے پھانسی کے پھندے پر بھی چڑھ جاتے ہیں۔
قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرتے ہیں مگر چھپ کر نہیں بیٹھتے، نواز شریف بہت جلد پاکستان آکر الیکشن مہم کی خود قیادت کرینگے ۔ اپنے آپ کو سیاسی لیڈر کہنے والے کی حرکتیں سب کے سامنے ہیں۔
پی ٹی آئی خانہ جنگی کے ایجنڈے پرعمل پیرا ایک عسکری جماعت ہے، زلمے خلیل زاد کس حیثیت سے ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے بیانات دے رہے ہیں۔
عمران خان کو پکڑنا ہو تو پانچ منٹ کی بات ہے ریاست صرف خون خرابہ نہیں چاہتی ،قوم کے بچوں کو پٹرول بم دے کر کہتا ہے ریاست پر حملہ کر ،یہ شخص گلگت بلتستان کے وسائل استعمال کرکے صوبوں کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے ۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے دیگرقائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے شاہراہ دستور پر قبریں کھودیں کفن پہن کر ریاست کا مذاق اڑایا۔
اس وقت یہ سب غنڈہ گردی کی ترکیبیں بتا رہا تھا تو ثاقب نثار اس کو تحفظ دے رہاتھا ۔ بہت سے اس کے سہولت کار گھر جاچکے مگر اس کے کچھ باقیات ابھی بھی قائم ہیں۔ کچے میں اور زمان پارک میں جوکچھ ہورہا ہے دونوں میں کیا فرق ہے ۔ایک شخص بنکر میں چھپ کر اپنے کارکنوں دہشتگردوں سے مل کر ریاست پر حملہ آور ہے ۔
یہ سیاسی جماعت نہیں ایک عسکری جماعت ہے جو پاکستان کی تباہی کا ایجنڈا لے کر بیرونی طاقتوں کا ایجنڈا لے کرمسلط ہوا کہ کسی صورت ملک کوچلنے نہیں دینا اور ریاست بے بس ہوکر تماشا دیکھ رہی ہے ایک شخص نے پورے آئین ، ریاست کو پائوں کی جوتی کے نیچے رکھا گیا ، آج بھی اس کے وارنٹ معطل ہوگئے ہیں ضرور کرے مگر میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ یہ سہولت دیگرجماعتوں کو بھی ہے؟۔
مریم نواز نے کہا کہ جنرل باجوہ اورجنرل فیض حمیدنے جوکیا اس کا اعتراف کرچکے ہیں اور ایک دوسرے پروہ الزام لگا رہے ہیں ادارہ خود ان سے نمٹے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں زمان پارک میں دہشتگرد چھپے ہوئے ہیں مگروہاں معصوم لوگ بھی ہیں جن کو پھنسا کر وہاں لایا گیا تو ہم نہیں چاہتے کہ وہ استعمال ہو اس کی بزدلی پر پردہ ڈالنے کیلئے اپنی جان قربان کردیں ،ریاست حکومتیں ہیں عدلیہ ہے اسٹبلشمنٹ نہیں ۔