گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم رکھی جائے: وزیراعظم

اسلام آ باد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اسکی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے،یوریا سمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا، نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم رکھی جائے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کویہاں ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار و کھپت اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوریا کی پیداوار اور اسکی کھپت کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی اور بفر سٹاکس کا ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کارنیٹ ڈی پیسج سکیم کے تحت لائی جانے والی اور غیر قانونی زیر استعمال لگژری گاڑیاں فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیم کے غیر قانونی اورناجائزاستعمال اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کارنیٹ ڈی پیسجز سکیم کے تحت لائی گئی گاڑیوں کے معینہ مدت سے زائد اور غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئےاسلام آباد میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اعظم نے استفسار کیا کہ متعلقہ محکموں نے ایسی گاڑیوں کے خلاف پیشگی کارروائی کیوں نہیں کی ۔اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو اس تمام معاملے کی تحقیقات کر کے ذمے داروں کا تعین کرے گی ۔

وزیرِ اعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ کارنیٹ ڈی پیسج سکیم کے تحت ایسی تمام گاڑیاں جو اپنی مدت پوری کر چکی ہیں، انکا تفصیلی اور درست ڈیٹا جلد از جلد اکٹھا کیا جائے۔وزیر اعظم نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک گیر سولرآئیزیشن منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک مہنگے درآمدی ایندھن سے بجلی کی پیداوار کا متحمل نہیں ہو سکتا، سولر پینلز کی مرحلہ وار درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم سے وزیرِ تجارت سید نوید قمر نے کی اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کےلئے 80 لاکھ کا چیک پیش کیا ۔وزیراعظم سے وزیردفاع خواجہ آصف، اے این پی کے رہنما ایمل ولی اور جواد خٹک بھی ملے۔وزیراعظم نے ایک بیان میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی ) میں جدید ترین روبوٹک سرجری کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس سہولت کے آغاز پر ڈاکٹرز اور عوام کو مبارکباد دی ۔

وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز بنے گا۔ انہوں نے کہا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار 2019 میں اپنے بھائی کو زیادہ تنخواہ دلانے کا چکر نہ چلاتے تو آج پی کے ایل آئی کہیں آگے ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا سابق حکومت اداروں اور سیاسی مخالفین کے خلاف روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرتی رہی، ہم نے یہ ٹیکنالوجی عوام کی بھلائی کے لئے استعمال کی۔ انہوں نے کہا عوام کی خدمت کے لئے جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے، ادا کروں گا، عوام کی خدمت کا راستہ نہیں چھوڑوں گا۔

وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہماری سیاست ڈھانچہ جاتی نقائص کا شکار ہے، بدقسمتی سے سیاست کو بے معنی بیان بازی سے جوڑ دیا گیا، میرے نزدیک سیاست کے میدان میں ہمیں صرف اپنے شہریوں کی خدمت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ شیری رحمان نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، اعزاز کی مستحق ہیں۔

انہوں نے یہ ٹویٹ شیری رحمان کا نام ٹائم میگزین کی جانب سے 2023 کے 100 بااثر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہونے کے حوالے سے کیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم نے کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الصباح اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بن تیمور آل سعید کو ٹیلی فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی روابط میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔