گلگت بلتستان میں دنیا کے بلند ترین کرکٹ گراؤنڈ پر میچ کا انعقاد

نگر ، گلگت بلتستان(سپورٹس رپورٹر)8 ہزار 400 فٹ کی بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین کرکٹ گراؤنڈ راکا پوشی کرکٹ اسٹیڈیم نگر میں گلگت بلتستان دلبر اور پنجاب رانجھا کی ٹیموں کے مابین دوستانہ میچ کا انعقاد کیا گیا ۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں صوبائی سطح کے کھلاڑی اور افسران شامل تھے۔ سخت مقابلے کے بعد میچ ٹائی پر ختم ہوا۔ جذبہ خیر سگالی کے تحت دونوں ٹیموں نے کوئی بھی سپر اوور نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس پر میچ کے ٹائی ہونے کا اعلان کر دیا گیا ۔

نگر کا کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان اور دنیا بھر کے سیاحوں اور کرکٹ شائقین کیلئے دلچسپی سے بھرپور ایک دلکش مقام ہے ، جہاں ثقافت، سیاحت، کھیل، گلیشیئرز، دوستانہ، مہذب پرامن مقامی لوگوں سے مالا مال ٹریکنگ کا ایک نادر آسمانی امتزاج دیکھا جا سکتا ہے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی، ڈی سی نگر زید احمد، ڈائریکٹر سپورٹس حسین علی کی ٹیم کے زیرقیادت اس ایونٹ کا انعقاد گلگت بلتستان حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے جس سے نہ صرف دنیا میں اس خطے کو ایک نئی پہچان ملی ہے بلکہ گلگت بلتستان کے حسین نظاروں نے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔