گھڑی چور پولیس سے چھپتا، بعد میں بڑھکیں مارتا:مریم اورنگزیب
Share
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی بل میں چھپ جاتا ہے، پولیس کے جانے کے بعد یہ باہر آ کربڑھکیں مارتا ہے، اس شخص نے قانون اور آئین کو یرغمال بنا رکھا ہے، عمران خان اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور مہم جوئی کرتا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، اسے معلوم ہے کہ جس دن عدالت کے سامنے پیش ہوا تو پکڑا جائے گا۔
پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پاکستان کی عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک فارن فنڈڈ ایجنٹ، گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی چھپ جاتا ہے اور پولیس کے جانے کے بعد یہ اپنے بل سے باہر نکل کر بڑھکیں مارتا ہے، اس شخص نے پاکستان کے قانون اور آئین کو یرغمال بنا رکھا ہے، اس سب کے باوجود یہ شخص عدل کے نظام کی پلکوں پر سوار ہے۔
انہوں نے کہا اس شخص کو معلوم ہے کہ جتنا اونچا چیخے گا اتنا جلدی اسے ریلیف مل جائے گا، اسے معلوم ہے کہ یہ عدلیہ پر حملہ آور ہوگا، غنڈہ گردی کرے گا، عدلیہ کو دھمکائے گا تو اسے بیل مل جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس شخص کے بارے میں یہی مثال ہے کہ میں نے چوری کی ہے تو میرا کیا کر لو گے۔ انہوں نے کہا زمان پارک میں سمجھوتہ ایکسپریس روانگی کے لئے تیار ہے لیکن یہ سمجھوتہ نہیں این آر او کیلئے منتیں ہیں، فارن ایجنٹ ،توشہ خانہ چور کو این آر او چاہئے ۔