لاہور: شہریوں کی جان و مال اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو ملکر باہمی مشاورت سے ایک لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ والوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے جبکہ پی ڈی ایم اے اور سپارکو کے نمائندگان کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے محکمہ کے کمیٹی روم میں ہیٹ ویو اور کلائمیٹ چینج بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ ڈائریکٹر ایل ڈی اے لاء کی طرف سے بتایا گیا کہ معزز لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات پر سیکرٹری تحفظ ماحولیات کی زیر قیادت ہیٹ ویو مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
جس میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان کو ممبر بنایا گیا ہے جبکہ اس کے ٹی او آرز میں ہیٹ ویو کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے جلد ایک پلان بنانے کا درج ہے۔ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے تمام نمائندگان کو ہدایت کی کہ ہیٹ ویو کے مضر صحت اثرات سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایک لائحہ عمل مرتب کریں۔