یورپی یونین کی انسانی حقوق کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کوونکا نے گزشتہ روز یہاں ان کے  دفتر میں ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی اور تعاون کے معاملات خاص طور پر انسانی حقوق کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور جی ایس پی پلس سے متعلق آنے والی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق نے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتا ہے اور یہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے ذریعے یورپی یونین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ہمارے وعدے اور بین الاقوامی کنونشنز اور معاہدوں کی طرف ہماری ذمہ داریاں حکومت کی اعلیٰ ترجیح رہیں۔

یورپی یونین کی سفیر نے انسانی حقوق کے ایجنڈے پر عمل درآمد میں حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ کہ یورپی یونین اس ایجنڈے پر عملدرآمد میں پاکستان کی مدد کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے اور یورپی یونین اس سلسلے میں اپنی حمایت جاری رکھے گی۔وفاقی وزیر نے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔