یہ جتنا مرضی زور لگا لیں،14مئی کو الیکشن نہیں ہونگے: راناثناء اللہ

فیصل آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تمام اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہونگے، یہ جتنا مرضی زور لگا لیں، پنجاب میں14مئی کو الیکشن نہیں ہونگے۔یہاں اپنے صوبائی حلقہ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطا ب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میں وزیرداخلہ نے کہا الیکشن اسی سال نگران حکومت کی نگرانی میں ہونگے۔

انہوں نے کہا نواز شریف نے بھارت کے مقابلے میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو سرخرو کیا،ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو بھارت ہمیں کھا چکا ہوتا،نواز شریف نے پوری دنیا سے ٹکر لے کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا،نواز شریف نے ملک کو مسائل سے نکالا، ان لوگوں نے چار سال میں ایسی پالیسیاں بنائیں کہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی،ترقی کرتا ملک بحرانی کیفیت میں گر گیا۔

انہوں نے کہا ہماری حکومت نے 2018میں دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا،ملک آگے بڑھ رہا تھا ،4سال میں برباد ہوگیا۔انہوں نے کہا حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہا ہے، حکومت نے معاشی مشکلات کے باوجود سیلاب کا مقابلہ کیا اور متاثرین کی بھر پور مدد کی ،آج معاشی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔

حکومت کا آئندبجٹ میں تنخواہیں بڑھے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن قریب آتے ہی نواز شریف واپس آئیں گے،نواز شریف ملک میں آکر ن لیگ کی قیادت کرینگے۔رانا ثنا نے کہا فتنے کو ایک سازش کے تحت ملک پرمسلط کیا گیا،اسٹیبلشمنٹ بھی کہتی ہے کہ ہم سے غلطی ہوئی، اس کا ازالہ کرینگے۔

ایک اوباش ٹولہ فتنے کے ساتھ ملا ہوا ہے،کہتا تھا کہ خود کشی کرلوں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا،آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمران خان نے دستخط کئے،جس معاہدے کیلئے قیمتیں بڑھی ہیں وہ جلد ہونے والا ہے۔انہوں نےکہا حلقے کی عوام نے ہر بار مجھ پر اعتماد کیا، مئی میں الیکشن نہ ہوئے تو اکتوبر دور نہیں، کارکن تیاری کریں۔انہوں نے کہا میں یہاں سے 1990لے کر اب تک انتخابات لڑتا آرہاہوں، 2018ء کا صوبائی الیکشن کچھ لوگوں نے ہیراپھیری کرکے مجھے ہرایا، ان شاء اﷲ اب یہاں سے میرا داماد احمد شہریار الیکشن لڑے گا۔