معاشی چیلنجز کے باوجود ملک ترقی کرے گا: اسحاق ڈار

اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اتوار کو فنانس ڈویژن میں الوداعی ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پاکستان میں انہیں مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی۔

وزیر خزانہ نے کہا پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے ملک کے معاشی منظرنامے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہامعاشی چیلنجز کے باوجود ملک ترقی کرے گا۔

وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانے برادرانہ تعلقات کو بڑھانے، مضبوطی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے میں سفیر کے کردار کو سراہا۔پاکستان میں ایرانی سفیر کی تعیناتی کے دورانیہ کو سراہتے ہوئے وزیر خزانہ نے انہیں الوداع کہا اور ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کیلئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے نیک تمناوں اور خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھایا جانا چاہئے، انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں موجودہ حکومت کے تعاون اور حمایت کو سراہا۔